زرق کے چار دروازے
By Afsheenmunir 43 views 1 year ago
رزق کے چار دروازے ہیں۔ پہلے تین تو صرف مسلمانوں کے لیے ہیں اور چوتھا ساری دنیا یعنی مسلم، غیر مسلم ، بت پرست ، وغیرہ کیلئے ہے رزق حاصل کرنے کا سب سے پہلا دروازہ نماز ہے، جو شخص بھی نماز کا اہتمام کرتا ہے ﷲ پاک اس کو برکت والا رزق عطا فرماتا ہے، اہتمام یہ ہے کہ نماز کے وقت سے پہلے یا وقت ہوتے ہی اس کی تیاری میں لگ جانا اور وقت پر نماز ادا کرنا۔
رزق حاصل کرنے کا دوسرا دروازہ استغفار ہے، جو شخص کثرت سے استغفار کرتا ہے اللہ پاک اسے غیب سے رزق عطا فرماتا ہے کیونکہ ایک حدیث کا مفہوم ہے کہ جو کثرت سے استغفار کرتا ہے ﷲ پاک اسے ہر غم سے نجات عطا فرماتا ہے، ہر پریشانی میں راستہ دیتا ہے اور ایسی جگہ سے رزق عطا فرماتا ہے جہاں اس کا گمان بھی نہ ہو۔ علماء کرام فرماتے ہیں کہ کثرت کا مطلب ہے کہ کم از کم تین سو مرتبہ، یعنی جو روزانہ تین سو بار یا اس سے بھی زیادہ بار استغفار کرے گا ان شاء ﷲ اسے بہترین رزق ملے گا.
رزق حاصل کرنے کا تیسرا دروازہ تقویٰ ہے۔ تقویٰ کے معنی گناہوں سے بچنا ہے۔ یاد رہے کہ مسلمان کے ذمہ ہر نیکی کرنا نہیں مگر ہر گناہ سے بچنا ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے۔ جو ہر گناہ سے بچتا ہے وہ ﷲ کے ہاں متقی کہلاتا ہے۔ اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ ہم ہر کام کرنے سے پہلے یہ دیکھ لیں کہ اس کام سے ﷲ اورﷲ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے منع تو نہیں فرمایا۔ اگر منع فرمایا ہے تو ہم رک جائیں یعنی جو تقویٰ اختیار کرے گا ﷲپاک اسے بغیر محنت کے رزق عطا فرمائیں گا اور جو ﷲ کا ہوجاتا ہے تو پھر ﷲ اپنے بندوں کو ان کی خدمت کا صلہ عطا فرماتا ہے۔
رزق حاصل کرنے کا چوتھا دروازہ ذریعہ معاش اختیار کرنا ہے اور یہ دروازہ سب کے لیے ہے، کوئی کافر ہو یا مسلم، بتوں کو پوجنے والا ہو۔ اگر وہ معاش کا کوئی ذریعہ اختیار کرے گا تو ﷲ اسے رزق عطا فرمائیں گا۔ مگر افسوس اس بات پر ہے کہ مسلمانوں کی اکثریت نے پہلے تین دروازے بھلا دیئے اور آخری دروازے کو ہی ضروری سمجھ لیا۔ جبکہ ان تین دروازوں سے رزق حاصل کرنا بہت آسان ہے۔ یہاں میری بات سے یہ مطلب نہیں کہ ملازمت، کاروبار یا معاش کا کوئی بھی دوسرا ذریعہ جو ہم نے اختیار کیا ہوا ہے اسے چھوڑ کر بیٹھ جائیں اور کام نہ کریں۔ کام ضرور کریں لیکن اگر ہم چوتھے دروازے کے ساتھ ساتھ پہلے تین دروازوں کو بھی استعمال کریں گے تو ہمیں تھوڑی محنت میں ہی زیادہ رزق ملے گا، ہماری مشقت کم ہوجائے گی، اور ہماری کمائی غیر ضروری جگہوں پر نہیں لگے گی اور ہمارا مال ضائع نہیں ہوگا۔ اب فیصلہ آپ پر ہے کہ آپ کس دروازے کو اختیار کرتے ہیں ..؟؟ ﷲ پاک ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے ۔ " آمین"